(لاہور نیوز) اینٹی کرپشن کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت کی درخواست دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کیلئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الہٰی کی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چودھری نے پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر جسٹس سلطان تنویر احمد نے سماعت کی تھی، یہ متفقہ قانون ہے کہ وہی جج پرویز الہٰی کی ضمانت پر بھی سماعت کریں۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ پرویز الہٰی کے وکلا کو چاہیے تھا کہ اس چیز کی پہلے ہی نشاندہی کر دیتے۔
بعدازاں عدالت نے کیس جسٹس سلطان تنویر احمد کی عدالت میں ٹرانسفر کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔