(ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے مزید مؤثر قانون سازی کرنی چاہیے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لیبر ڈے کے موقع پر مزدور اور محنت کش طبقے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مذہب مزدور اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کرنے کا حکم دیا ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ کسب حلال کمانے والا اور محنت کش اللہ تعالیٰ کا دوست ہوتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہاکہ مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے، ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں شکاگو کے ان مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، لیبر ڈے دنیا بھر میں محنت کش طبقے کے کردار، اپنے کام سے لگن اور عزم و استقامت کو اجاگر کرنے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے، سیاسی جماعتوں کو محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر قانون سازی کرنی چاہیے۔
سردار ایازصادق نے کہا کہ پوری قوم محنت کش طبقے کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے، محنت کش طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔