(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام شگاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلوے سٹیشن کے باہر ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں ریلوے سی بی اے یونین،آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن اور پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت نے شرکت کی، ریلی کی قیادت پیپلزپارٹی لاہور کے رہنما چودھری اسلم گل نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے "زندہ ہے بھٹو زندہ ہے"،"مزدور کا بھٹو زندہ ہے" کے نعرے لگائے، کارکنوں اور محنت کشوں نے مزدور تحریک کے حق میں نعرے بازی کی، ریلی میں بزرگ شاعر بابا نجمی نے مزدوروں کو شاعرانہ انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
مزدور رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار کی جائے، پنشن میں مہنگائی کے لحاظ سے اضافہ کیا جائے، مزدوروں کو یونین سازی کی اجازت اور ریلوے کی نجکاری بند کی جائے۔
رہنما پیپلزپارٹی چودھری اسلم گل نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں کو خراج تحسین اور شگاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،بھٹو نے مزدوروں کی یونین سازی کے لیے آئین میں ترمیم کی، ریلوے ،پی آئی اے اور عام محنت کش کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اداروں کی نجکاری بند اور مزدوروں کو تحفظ فراہم کیا جائے، پیپلز پارٹی آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں محنت کشوں کیساتھ ہے۔