(لاہور نیوز) بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 2خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلح تصادم کا افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پیش آیا جہاں گلی میں کھیلتے ہوئے بچے کسی بات پر آپس میں لڑ پڑے، بچوں کی لڑائی کی بات والدین تک پہنچی تو دونوں جانب کے افراد میں جھگڑا شروع ہو گیا۔
دوطرفہ جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گیا، اس دوران ایک گروپ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 خواتین سمیت 9 افراد شدید زخمی ہو گئے، مرنے والے شخص کی شناخت دلاور کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمیوں میں مقتول دلاور کا بھائی عمر، بیٹا عمران، باپ حنیف اور ماں گلزاری بی بی اور دیگر شامل ہیں، پولیس نے فائرنگ میں ملوث ملزمان فیصل اور یوسف کو حراست میں لے لیا۔