(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی سی ٹیم کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی20 میں شکست پر سابق کرکٹر رمیز راجا بھی بول اٹھے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی نا تجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں شکست شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن اس طرح کی شکست آپکی بنیاد ہلا دیتی ہے، ٹی20 ورلڈکپ سے قبل ہوم گراؤنڈ پر شکست ہوئی ہے جو ناقابل قبول ہے،نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے نامور کھلاڑیوں کے ہمراہ نہیں آئی ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ٹی20 فارمیٹ قسمت کا کھیل ہے لیکن 24 گھنٹوں کے اندر نوآموز کرکٹرز کے ہاتھوں شکست ایک دھچکا ہے۔
سابق کرکٹر رمیز راجا نے ابتدائی بلے بازوں کو پاور پلے میں فائدہ نہ اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو بیٹرز پچ پر سیٹ ہیں انہیں صرف 20-30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ نہیں ہونا چاہیے تھا جس کی وجہ سے سکور محض 180 کے قریب پہنچا، بیٹرز نے رنز نہ بنا کر فرنٹ لائن بالرز شاہین اور نسیم کو مشکل میں ڈالا۔