(لاہور نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ ضمنی الیکشن میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
لیگی ووٹرز کے نام اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹر باہر نکل رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے، چند دنوں میں پنجاب کے عوام کو ریلیف، ریلیف اور صرف ریلیف دیا، پنجاب کے مزدور، کسان، محنت کش، طلبہ اور خواتین میری ترجیحات میں سرِفہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکیج، 20 ہزار بائیکس، سستا آٹا اور سستی روٹی ہماری چند دنوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 130 ارب کا کسان پیکیج نوازشریف کے زراعت دوست ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے میں اور میری ٹیم ہمہ وقت کوشاں ہیں، جلد پنجاب میں لیپ ٹاپ، آئی پیڈ سکیم بھی متعارف کرانے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا مشن آپ کے اور میرے قائد میاں نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے، میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری ایمانداری سے کوشاں ہے۔