(لاہور نیوز) ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ ہوئی، جبکہ ووٹوں کی گنتی کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے، لاہور میں ن لیگ اور اتحادیوں کا کلین سویپ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہوئے۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں بھی اسی روز دوبارہ پولنگ ہوئی، این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ میں انتخابات امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔
انٹرنیٹ سروس معطل
لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل رہی۔
لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پورچٹھہ، کوٹ چٹھہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
فوج کی تعیناتی
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات کے موقع پر سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، رپورٹس کے مطابق پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیتے رہے۔
مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم
ترجمان الیکشن کمیشن کے حکم پر ضمنی انتخابات 2024ء کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا تھا، سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور شکایات درج کرانے کی سہولت دی گئی تھی۔
قومی اسمبلی کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج
این اے 8 باجوڑ میں مسلم لیگ ن کے شہاب الدین خان، سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان، پیپلز پارٹی کے سید اخونزادہ چٹان اور آزاد امیدوار مبارک زیب ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئے، آزاد امیدوار مبارک زیب 3732 ووٹ لیکر آگے ہیں۔
این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈا پور اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے رشید خان کنڈی کے درمیان مقابلہ ہوا، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈاپور 56995 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین 9533 ووٹ لے سکے۔
این اے 119 لاہور 3 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق میں مقابلہ ہوا، علی پرویز ملک 61086 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل شہزاد فاروق 34197 ووٹ لے سکے۔
این اے 132 قصور 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک رشید احمد اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئے، ملک رشید احمد ایک لاکھ 46 ہزار 849 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمد حسین ڈوگر 90 ہزار 980 ووٹ لیکر ناکام ہو گئے۔
این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو اور تحریک لبیک کے محمد علی نے الیکشن لڑا، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے خورشید احمد جونیجو 56790 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، تحریک لبیک کے محمد علی 2896 ووٹ لے سکے۔
پنجاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج
پی پی22 چکوال، تلہ گنگ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار فلک شیر اعوان جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمد نثار احمد میں مقابلہ ہوا، فلک شیر اعوان 58845 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار 49970 ووٹ لے کر ناکام ہو گئے۔
پی پی 32 گجرات 6 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پرویز الہٰی میں مقابلہ ہوا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ 71357 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے پرویز الہیٰ 37106 ووٹ حاصل کر سکے۔
پی پی 36 علی پور چٹھہ سے مسلم لیگ ن کے عدنان افضل چٹھہ اور سنی اتحاد کونسل کے محمد فیاض چٹھہ میں جوڑ پڑا، ن لیگ کے عدنان افضل چٹھہ 74779 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل محمد فیض چٹھہ 58862 ووٹ لے سکے۔
پی پی 54 نارووال 1 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد اقبال چودھری اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اویس قاسم میں مقابلہ ہوا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد اقبال چودھری 59234 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے اویس قاسم 45762 ووٹ لیکر ہار گئے۔
پی پی 93 بھکر 5 سے ن لیگ کے سعید اکبر خان اور سنی اتحاد کونسل کے سکندر احمد خان، آزاد امیدوار افضل خان میں جوڑ پڑا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سعید اکبر خان 62058 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار افضل خان 58845 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 139 شیخوپورہ 4 سے مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اعجاز حسین سے ہوا، غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین 46585 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے اعجاز حسین سنی اتحاد کونسل کے اعجاز حسین 29833 ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے۔
پی پی 147 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد ریاض اور آزاد امیدوار محمد خان مدنی کے درمیان جوڑ پڑا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ کے امیدوار محمد ریاض 31 ہزار 841 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار محمد خان مدنی 16548 ووٹ لے سکے۔
پی پی 149 لاہور 5 سے آئی پی پی کے امیدوار اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ محمد شعیب صدیقی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ذیشان رشید سے ہوا، محمد شعیب صدیقی 47722 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار حافظ ذیشان رشید 26200 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 158 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد نواز لدھڑ اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چودھری مونس الہٰی کے درمیان زورکا جوڑ پڑا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ کے امیدوار محمد نواز لدھڑ نے 40165 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چودھری مونس الہٰی کو 28018 ووٹوں کے ساتھ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پی پی 164 لاہور 20 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار راشد منہاس اور سنی اتحاد کونسل کے محمد یوسف میں جوڑ پڑا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق رانا راشد منہاس 31499 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمد یوسف 25781 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 290 ڈیرہ غازی خان 5 سے ن لیگ کے امیدوار علی محمد لغاری، سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد محی الدین کھوسہ اور پیپلز پارٹی کے منیر احمد جلبانی بلوچ میں مقابلہ ہوا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار علی محمد خان لغاری 66413 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے محمد محی الدین کھوسہ 19322 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
خیبر پختونخوا کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج
پی کے 91 کوہاٹ 2 میں سنی اتحاد کونسل کے داؤد شاہ اور جماعت اسلامی کی صفیہ بانو اور آزاد امیدوار امتیاز شاہد میں مقابلہ ہوا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے داؤد شاہ 23496 ووٹ لیکر آگے کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار امتیاز شاہد قریشی 16 ہزار 518 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 22 باجوڑ میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب 19345 ووٹ کر کامیاب ٹھہرے جبکہ ان کے مدمقابل جماعت اسلامی کے امیدوار عابد خان 8632 ووٹ لے سکے۔
بلوچستان کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج
پی بی 20 خضدار 3 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ثنا اللہ، بی این پی کے میر جہانزیب مینگل اور آزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل میں جوڑ پڑا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بی این پی کے میر جہانزیب مینگل 30455 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، آزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل 14311 ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے۔
پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے جے یو آئی کے حاجی محمد نواز کاکڑ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے میر وائس خان اچکزئی اور عوامی نیشنل پارٹی کے انجینئر زمرک خان میں مقابلہ ہوا، میر وائس خان اچکزئی 21536 ووٹ لیکر آگے ہیں۔