(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق گورنر پنجاب و رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جناح ہاؤس کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن قانون کے منافی جاری کیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کو فیئر ٹرائل کا حق دیا جائے، عدالت جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر اوپن کورٹ میں ٹرائل کرنے کا حکم دے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے جیل ٹرائل کیخلاف سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔