(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر آج طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج اتوار کے روز پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکانات ہیں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈی جی خان اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں سیلاب کے امکانات ہیں جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، عید پر پردیسیوں کی واپسی کا سفر موسمی تبدیلی سے متاثر ہو سکتا ہے، لیاقت پوراور بہاولپور سے لاہور آنے والے مسافر خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے، لینڈ سلائیڈ نگ والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہئے، تمام ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔