(لاہور نیوز) عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کی لاہور واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
مختلف شہروں سے پردیسی اپنے پیاروں کو چھوڑنے کا غم اور اداس چہروں کے ساتھ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں، اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی چھٹیاں گزارنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد لاہور واپس آرہی ہے۔
پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بھی رش دیکھنے میں آرہا ہے، سرکاری ، غیر سرکاری ملازمین اہل خانہ کے ہمراہ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں۔
پردیسی عید کی خوشیاں سمیٹنےکے بعد ایک بار پھر سے معمول کی زندگی گزارنے اور اپنے کاروباری معاملات انجام دینے کی بھرپور تیاری میں نظر آرہے ہیں۔
پردیسیوں کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیاں گزرنے کا پتا ہی نہیں چلا، روزی کی خاطر اپنے پیاروں سے دور ہیں مگر عید پر ان کے ساتھ خوب لطف اٹھایا، اب کام کرنے کا وقت ہے۔
یاد رہے عید کے موقع پر پردیسیوں کی بڑی تعداد میں آبائی علاقوں میں واپسی کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔