(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں اپنے فرائض سر انجام دینے والے سکیورٹی اداروں کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاک فوج،پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار،سینٹری ورکرز اور میڈیا کے نمائندے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا رہی ہے لیکن پاک فوج کے جوان اور پولیس اہلکار اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں، پاک فوج اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کی بدولت وطن امن کا گہوارہ بن رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کی ملک میں قیام امن کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہر وہ ماں، بہن اور بیٹی بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جن کے بیٹے بھائی اور شوہر سرحدوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے میونسپل کارپوریشن اور سینٹری کا عملہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔
وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندے بھی عید اپنوں کے ساتھ منانے کی بجائے عوام تک مستند اور حقائق پر مبنی معلومات پہنچا رہے ہیں۔