(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسانی جانوں کے تحفظ اور دھاتی ڈور و پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے لاہور سمیت تمام اضلاع میں زیرو ٹالرنس کے تحت کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 40 ملزمان کو گرفتار کر کے 42 مقدمات درج کر لیے گئے، ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار 296 پتنگیں اور 34 چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 روز کے دوران صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت 3 ہزار 779 ملزمان کو گرفتار کر کے 3 ہزار 646 مقدمات کا اندراج کیا گیا ، ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 29 ہزار 69 پتنگیں اور 15 ہزار 936 ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں، موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب سمیت آگاہی مہم کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔