04 Apr 2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وہاڑی میں 2 مزدوروں کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران 2 مزدوروں کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ورکرز کی سیفٹی یقینی بنانے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 2 مزدور جاں بحق ہو گئے تھے، افسوسناک واقعہ وہاڑی میں وہاب چوک کے قریب مین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آیا۔
دونوں مزدور صفائی کیلئے گٹر کے اندر اترے اور زہریلی گیس کی وجہ سے بیہوش ہو گئے جنہیں بروقت باہر نکال کر طبی امداد دی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکے، مرنے والے دونوں مزدور آپس میں ماموں بھانجا تھے۔