(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے سادہ لوح شہریوں سے نوسر بازی کرنے والا گینگ پکڑوا دیا۔
سیف سٹی ترجمان کے مطابق 3 رکنی گینگ لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ٹارگٹ کرتا تھا، نوسر باز گینگ کا سرغنہ سڑک پر ایڈریس پوچھنے کے بہانے شہریوں کو روکتا اور خود کو پیر اور گدی نشین ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کو اپنی طرف راغب کرتا تھا۔
اتھارٹی ترجمان نے بتایا ہے کہ گینگ کا دوسرا رکن جعلی پیر کی باتیں سچ ماننے کے لیے شہریوں کو اعتماد میں لیتا، نوسرباز جعلی پیر سادہ لوح شہریوں کے موبائل اور پرس پکڑ کر انہیں چند قدم چل کر وظیفہ پڑھنے کا کہتا اور پیچھے سے غائب ہو جاتا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی ٹیم نے کیمروں کی مختلف فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا حلیہ اور گاڑی کو ٹریس کیا اور کیمروں کی لائیو مانیٹرنگ کرتے ہوئے ملزمان کو جوہر ٹاؤن کے علاقے سے پکڑوا دیا۔
سیف سٹی ترجمان نے مزید کہا کہ شہری محتاط رہیں اور ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دیں۔