(ویب ڈیسک) تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موٹاپے کےشکار بچوں کے نوجوانی میں ملٹیپل سلیروسس (ایم ایس) میں مبتلا ہونے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ ملٹیپل سلیروسس ایک ایسی کیفیت ہوتی ہے جو دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کرتی ہے جس کے سبب دیکھنے اور بازو یا ٹانگ کی حرکت کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔تحقیق میں حاصل ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا،تحقیق میں موٹاپے کے شکار بچوں کے اس کیفیت میں مبتلا ہونے کے امکانات موٹاپے کے بغیر بچوں کے مقابلے میں دُگنے تھے۔
محققین کی ٹیم نے مطالعے میں 2 سے 19 برس کے بچوں کے ڈیٹا کا معائنہ کیا جنہوں نے 1995 سے 2020 کے درمیان رجسٹری میں شمولیت اختیار کی تھی اور حاصل ہونے والی معلومات کا عام بچوں کے ساتھ موازنہ کیا۔مطالعے میں محققین نے موٹاپے کے شکار 21 ہزار 600 سے زائد جبکہ ایک لاکھ سے زائد بغیر موٹاپے کے بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ موٹاپے کے شکار بچوں نے اوسطاً 11 برس کی عمر سے موٹاپے کا علاج شروع کیا تھا۔
تحقیق میں شامل بچوں کا اوسطاً چھ سال تک معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران موٹاپے کے شکار بچوں کے گروپ میں 0.13 فیصد جبکہ بغیر موٹاپے کے بچوں کے گروپ میں ایم ایس کی تشخیص 0.06 فیصد دیکھی گئی۔