(لاہور نیوز) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہوگیا جس کے بعد تیسرے عشرے کے لیے آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف بیٹھ گئے۔
اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔
لاہور سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف بیٹھے ہیں جب کہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے گئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں مزار علی ہجویریؒ کی مسجد میں 2 ہزار سے زائد متعکفین اعتکاف بیٹھے ہیں، بادشاہی مسجد میں 500 سےز ائد ، جامع مسجد القادسیہ میں سیکڑوں افراد سنت اعتکاف کی سعادت حاصل کر رہے ہیں علاوہ ازیں شہراعتکاف منہاج القرآن میں بھی ہزاروں متعکفین موجود ہیں۔
آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین خصوصی طور پر آج رات سے ہی خصوصی عبادت کا اہتمام کریں گے۔
اعتکاف کے دوران یہ خوش نصیب مساجد میں قائم اپنے خیموں میں اللہ کے حضور سربسجود رہنے، تلاوت قرآن سے فیض یاب ہونے کے ساتھ عبادات میں مشغول رہیں گے۔
اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔