(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ 23مارچ،1940 کو لاہور میں پاکستان کے قیام کے لیے قراداد ملک کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب کسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مصمم ارادہ کر لیا جائے اور محنت اور لگن سے اسے حاصل کرنے کی جستجو کی جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمیں اس عظیم جدوجہداور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیے جانے والے ملک کو عظیم تر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے تاکہ نہ صرف ہماری آنے والی نسلوں بلکہ پوری دنیا کی بہتری میں پاکستان ایک نمایاں کردار ادا کر سکے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی، آج یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔