(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری ہو گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے بھرپور ملی جذبے سے یوم پاکستان منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یومِ پاکستان کے حوالے سے کل سہ پہر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد کی منظوری دیدی گئی، اجلاس میں دھاندلی اور ملک میں دستور سے انحراف کیخلاف 30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے اور 21 اپریل کو کراچی میں بڑی عوامی ریلی کے انعقاد کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملکی معیشت، آئی ایم ایف سے نئے معاشی پیکیج اور اس کے عوام پر اثرات پر 25 مارچ کو اسلام آباد میں خصوصی پریس کانفرنس کی بھی منظوری دی گئی، بانی چیئرمین کے خلاف مقدمات پر اب تک کی عدالتی کارروائی اور ان کی بریّت کے امکانات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
متعدد مقدمات میں بانی چیئرمین کی بریّت تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے عدلیہ سے بانی چیئرمین کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں اور مقدمات کے میرٹ پر جلد فیصلوں کے اعلانات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
کورکمیٹی کی جانب سے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید کی جانب سے ڈونلڈ لو کے بیان پر تازہ ردعمل حقائق کے تعین کیلئے اہم قرار دیا گیا، انتخابات میں بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کی جامع تحقیقات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا گیا۔