(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہےکہ کتوں کے ساتھ وقت گزارنے سے ذہنی دباؤ اور اضطرابی کیفیت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
تحقیق میں سائنس دانوں نے 30 صحت مند افراد کے دماغ کے اسکین کا جائزہ لیا، محققین نے اسکین میں دیکھا کہ کتوں کے ساتھ تھوڑا سا وقت گزارنا دماغ میں ایسی برقی سرگرمی پیدا کرتا ہے جس کا تعلق سکون، توجہ اور تخلیقی صلاحیت سے تھا۔
سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ وہ افراد جنہوں نے تحقیق میں حصہ لیا انہوں نے کتوں کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد تھکاوٹ اور دباؤ میں واضح کمی کے متعلق بتایا۔محققین کی ٹیم کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان احساسات کے پیدا ہونے میں ممکنہ طور پر جانوروں سے لگاؤ کا کردار ہو سکتا ہے لیکن نتائج نے کتوں پر مبنی تھراپی کے اضطرابی کیفیت اور دباؤ میں کمی لانے میں مدد گار ثابت ہونے کے متعلق شواہد میں اضافہ کیا۔
تحقیق میں محققین نے ای ای جی ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے 20 اور اس سے زیادہ برس عمر کے 15 مرد اور 15 خواتین کی دماغی سرگرمی کی پیمائش کی۔شرکاء نے تحقیق میں چار سال کی تربیت یافتہ کتیا کے ساتھ مل کر کھیلا، اس کو کھانا کھلایا، تصویر کھنچوائی اور چہل قدمی کی،ہر سرگرمی اندازاً تین منٹ جاری رہی۔
محققین نے بتایا کہ جب شرکاء کتے کے ساتھ کھیل رہے تھے یا چہل قدمی کر رہے تھے تب ای ای جی نے ان کے دماغ سے نکلنے والی ایلفا لہروں کی نشاندہی کی۔ان لہروں کا تعلق دماغ کے پُر سکون ہونے سے ہوتا ہے جبکہ کتے کو پیار کرتے وقت دماغ سے نکلنے والی بِیٹا لہروں کی نشاندہی کی گئی، جن کا تعلق توجہ میں اضافے سے ہوتا ہے۔