21 Jan 2024
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے این اے123 اور 128 سے امیدوار لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام 8 فروری کو مہنگائی مسلط کرنے والی جماعتوں کا احتساب کریں۔
انتخابی ریلی کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی حکومتوں نے آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدے کیے، آئی ایم ایف کی بدترین شرائط عوام کی ہڈیوں کا گُودا نچوڑ رہی ہیں، بدترین مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے پاس عوام کو اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں، 8فروری کو عوام ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کی سیاست کو شکست دیں،جماعت اسلامی ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔