(لاہور نیوز) نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوانِ قائد اعظم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاعی امور مشاہد حسین سید مہمانِ خصوصی تھے۔
پاکستان کی امن پسندی اور قومی سلامتی اولین ترجیح کے موضوع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان قائد اعظم میں تقریب منعقد ہوئی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ایک برادر اسلامی ملک پر حملہ کیا جو انتہائی افسوس ناک ہے، پاکستان اپنی سالمیت اور خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ فاروق حمید خان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سب سے افضل ہے، مسلح افواج اور پاکستانی عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ایران کی طرح افغانستان میں بھی جہاں پاکستان کے دشمن موجود ہیں، کارروائی ہونی چاہئے۔
تقریب کے اختتام پر تعلیمی شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا اور طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔