(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن نے شاہ عالم مارکیٹ میں انتخابی جلسے کا اہتمام کیا۔
مسلم لیگ ن کی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی۔ شاہ عالم مارکیٹ میں انتخابی جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں این اے 118 اور پی پی 147 کے رہائشی مرد وخواتین کی بڑی تعداد میں شرکت ہوئی۔
پارٹی رہنما عمران گورائیہ نے خطاب میں کہا کارکن ذاتیں اور رنجشیں ایک طرف رکھ دیں، حمزہ شہباز کو انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں، حمزہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا، پی ٹی آئی کی طرف سے خراب کئے گئے پنجاب کے معاملات کو بہتر بنایا، ٹرانسپورٹ، سڑکوں، صحت اور تعلیم سمیت دیگر مسائل حل کرنے پر توجہ دی۔
سابق ایم پی اے ماجد ظہور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کو اندھیروں سے نکالنے کی پالیسی طے کر لی، 8فروری کا سورج ملک کے روشن مستقبل کی نوید سنائے گا۔
مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے جلسے میں کہا کہ ہمارے امیدوار انتخابات جیت کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کریں گے۔