(ویب ڈیسک) ملک بھر میں قائم الیکشن ٹریبونلز کی جانب سے امیدواران کی کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعتیں جاری ہیں۔
فردوس شمیم نقوی کے کاغذات منظور
کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی اپیل منظور کر لی اور کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لئے۔
اعجاز الحق کے کاغذات نامزدگی منظور
راولپنڈی میں الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لئے ، الیکشن ٹریبونل نے اعجاز الحق کے این اے 55 سے کاغذات پر ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔
سابق وزیر قانون راجہ بشارت کو انتخابات لڑنے کی اجازت
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر قانون راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کی، بینچ نے این اے 55 سے راجہ بشارت کے کاغذات منظور کر لئے۔
الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت
سبطین خان کو صوبائی حلقہ پی پی 88 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ، ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی پر تمام اعتراضات ناقص قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیئے گئے ۔
پرویز الہٰی ،مونس اور قیصرہ الہیٰ کی اپیلوں پر جواب طلب
الیکشن ٹریبونل نے پرویز الہٰی ،مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی کی اپیلوں پر ریٹرننگ آفیسر سے کل جواب طلب کر لیا ، کاغذات مسترد ہونے کی اپیلوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم ہو گیا۔
ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور بیٹوں کی اپیلوں پر نوٹس جاری
سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، حسنین مرزا اور حسام مرزا کی اپیلوں پر ریٹرننگ افسران کو نوٹس جاری کر دئیے گئے۔
ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے این اے 223 اور فہمیدہ مرزا اور ان کے بیٹوں کے پی ایس 70، پی ایس 71 اور پی ایس 72 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، اپیلیٹ ٹریبونل نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو ریکارڈ سمیت 8 جنوری کو طلب کر لیا۔
ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں قائم اپیلیٹ ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے این اے 175 سے ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا ، فیصلہ اپیلیٹ ٹریبونل کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے سنایا۔
فواد چودھری کی اپیل پر نوٹس جاری
فواد چودھری کے جہلم کی 2 نشستوں سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی ، الیکشن ٹریبونل نے کل کے لئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔
فواد چودھری کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایا کہ فواد چودھری کو الیکشن سے باہر رکھنے کے لئے بوگس اعتراضات عائد کئے جا رہے ہیں۔
اعظم خان نیازی کو الیکشن لڑنے کی اجازت
این اے 90 میانوالی سے اعظم خان نیازی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کر لی گئی ، ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔
حلقہ این اے 50 سے ایمان وسیم اور ناز طاہر کی اپیلیں منظور کر لی گئیں جبکہ این اے 56 اور پی پی 17 سے تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔
علاوہ ازیں ریحانہ ڈار اور روبا عمر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر ریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔