(لاہور نیوز) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کی ٹیمز نے بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید مستحکم کرنے کیلئے 500 کے وی گدو ، رحیم یار خان ٹرانسمیشن لائن پر شنٹ ری ایکٹر نصب کر دیا، شنٹ ری ایکٹر کو گدو-رحیم یار خان ٹرانسمیشن لائن کے Bay-02پر نصب کیا گیا اور تمام ٹیسٹنگ کے بعد شنٹ ری ایکٹر کو کامیابی سے انرجائز کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی خاص طور پر ساﺅتھ ریجن میں بجلی کے ترسیلی نظام کو مستحکم رکھنے کےلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ نئے نصب کئے گئے شنٹ ری ایکٹر سے پاور سسٹم وولٹیج کو زیادہ بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے مجموعی طور پر این ٹی ڈی سی کا نیٹ ورک مستحکم ہو گا۔
اس شنٹ ری ایکٹر کے انرجائز ہونے سے ناصرف ساﺅتھ ریجن میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ آپریشنل سسٹم کی کارکردگی کو بھی مزید بہتر بنائے گا۔
یہ شنٹ ری ایکٹر 500 کے وی گدو - رحیم یار خان، 500 کے وی گدو-مظفر گڑھ ٹرانسمیشن لائنز اور 747 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے گدو پاور سٹیشن سے ترسیل کی جانے والی بجلی کے وولٹیج کو بہتر کرنے میں بھی مدد کرے گا۔
مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر پراجیکٹ ڈیلیوری ٹیمز ساؤتھ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔