(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لرنر، ڈرائیونگ لائسنس اور تجدید لائسنس فیس میں بڑا اضافہ کردیا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پہلے لرنر لائسنس کی 5 سال کیلئے فیس 60 روپے مقرر تھی تاہم حکومت نے اب ہرسال 500 روپے لرنرفیس مقرر کر دی ہے، موٹرسائیکل لائسنس کی 5 سالہ فیس 550 روپے مقرر تھی اب شہریوں سے لائسنس کیلئے ہر سال 500 روپے وصول کیے جائیں گے۔
موٹرسائیکل رکشہ کی 5 سالہ فیس550 روپے مقرر تھی اب ہر سال 500 روپے مقرر کئے گئے ہیں،موٹر کار و جیپ کے لائسنس کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی اب 1800 روپے ہر سال وصول ہونگے، لائٹ ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی، اب ہر سال2000 روپیہ وصول ہو گا۔
ہیوی ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی، اب ہرسال2000روپے دینا ہونگے،ٹریکٹر لائسنس کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1000 روپیہ وصول کیا جائے گا،کمرشل ٹریکٹر کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1500 روپے دینا ہوں گے۔
معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی 5 سالہ فیس 20 روپے مقرر تھی، پنجاب حکومت نے معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ختم کر دی ہے۔
پبلک سروس وہیکل کی 5 سالہ فیس 450 روپے مقرر تھی، اب ہرسال1500 روپے دینا ہو نگے جبکہ باقی کیٹگریز کی ڈرائیونگ لائسنس فیس 100 روپے سے بڑھا کر1000 روپیہ کر دی گئی ہے،ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں 1000 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں 20 سال بعد بڑا اضافہ کیا گیا ہے، عوامی آگاہی کیلئے فیسوں میں اضافے کا اشتہار جلد شائع کیا جائے گا، یکم جنوری سے نئی فیسوں کا اطلاق ہو جائے گا۔