(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس پنجاب نے ایک ہی دن میں 74 ہزار سے زائد لائسنس جاری کر کے تاریخ رقم کر دی۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں مانیٹرنگ سنٹر قائم کردیا، جس کے بعد ڈرائیونگ لائسنس اور چالان کی کارکردگی کا جائزہ حاصل کیا جارہا ہے ۔
گزشتہ روز ٹریفک پولیس نے پنجاب بھر میں 74000 سے زائد ڈرائیونگ لرنر پرمٹ جاری کئے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں سب سے زیادہ لاہور میں 24000 سے زائد لائسنس جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے رش کے مدنظر لائسنسنگ سنٹرز میں سٹاف کی تعداد کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی ٹائم بھی بڑھا دیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا ہے کہ پنجاب کے دوسرے اضلاع بھی بہت محنت سے کام کر رہے ہیں ،کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ڈرائیونگ سنٹرز میں بہت رش ہے ۔
لاہور میں جاری کریک ڈاؤن کے باعث چھٹی کے روز بھی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے شہریوں نے بڑی تعداد میں دفاتر کا رخ کرلیا۔
ٹریفک پولیس نے ماہ نومبر میں 02 لاکھ 80 ہزار 518 نئے لرنرپرمٹ جاری کئے۔ 82 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرنر پرمٹ کی تجدید کروائی۔ 19 ہزار 761 شہریوں نے نئے لائسنس جبکہ 18 ہزار 312 نے لائسنس کی تجدید کروائی۔ 1623 انٹرنیشنل لائسنس، 01 ہزار 817 ڈپلیکٹ لائسنس جاری کئے گئے۔