(لاہور نیوز) پاسپورٹ کی فراہمی کا معاملہ التوا کا شکار ہو گیا، شہری نئے پاسپورٹ بنوانے اور ری نیو کروانے کے لیے خوار ہو گئے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے عوام سے زیادہ پیسے لینے کا نیا طریقہ ڈھونڈلیا، نارمل فیس والے پاسپورٹ 20 دن کے بجائے 60 سے 65 روز کے بعد جب کہ ارجنٹ فیس والوں کو 15 روز میں اور فاسٹ ٹریک کو 2 روز میں پاسپورٹ فراہم کیے جانے لگے۔
محکمے نے نارمل فیس کے تحت پاسپورٹ بنوانے والوں کو 2، 2 ماہ انتظار کی سولی پر لٹکانا شروع کر دیا، پاسپورٹ تاخیر سے ملنے کے باعث لوگ اب نارمل فیس کے بجائے ارجنٹ بنیادوں پر پاسپورٹ بنوانے کے لیے زیادہ فیس دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار، ارجنٹ کی 5 ہزار اور فاسٹ ٹریک کی ساڑھے 12 ہزار روپے ہے اور صرف لاہور میں روزانہ ڈھائی سے 3 ہزار لوگ پاسپورٹ بنوانے کے لیے پاسپورٹ آفس کا رخ کرتے ہیں۔
دوسری جانب پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام نے پاسپورٹ بننے میں تاخیر کی وجہ بیرون ملک سے مٹیریل کی امپورٹ میں تاخیر کو قرار دیا ہے، مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے لیے فرانس اور جرمنی سے مٹیریل امپورٹ کیا جاتا ہے، ملکی معاشی صورتحال کی وجہ سے مٹیریل کی امپورٹ میں کچھ تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے پاسپورٹ کی ڈلیوری التوا کا شکار ہو رہی ہے۔
پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، رواں ماہ تک اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔