عام انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن کا چاروں صوبوں میں ای ایم ایس کا کامیاب تجربہ
(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں ای ایم ایس کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کیا، ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
ای ایم ایس کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجیں جا سکیں گے، پریذائیڈنگ افسران اپنے پولنگ سٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے، ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا، ہر ریٹرننگ افسر کو چار چار ڈیٹا انٹری آپریٹرز دئیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ بھی دے دی ہے، الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان سرور ہوسٹنگ کا معاہدہ بھی طے پا گیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے اپنا سرور ہی موجود نہیں، الیکشن کمیشن عام انتخابات کے لیے نادرا کے سرور کا سہارا لے گا، الیکشن کمیشن نادرا کے سرور ہوسٹنگ کی مد میں کرایہ ادا کرے گا۔