وزیراعلیٰ محسن نقوی کا لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے گوجرانوالہ لنک پراجیکٹ کا دورہ
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گوجرانوالہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نےعام ڈالے میں سفر کرتے ہوئے لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے15.2 کلومیٹر طویل بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا معائنہ کیا،ارتھ ورک اور سڑک پر پتھر ڈالنے کے کام کی رفتار چیک کی اور زیر تعمیر پلوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 2 .15 کلو میٹر طویل زیر تعمیر دو رویہ سڑک پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کا تقریباً 90 فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے ۔ سڑک کے مختلف مقامات پر پتھر ڈالنے کا کام شروع ہے۔ پلوں کی تعمیر اور سب ویز پر کام جاری ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس لنک روڈ کے ساتھ کمرشل ایریا بھی ڈویلپ کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور سے سفر 45 منٹ رہ جائے گا، 15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کارپیٹڈ سڑک موٹروے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عمران ارشد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔