نواز شریف ایئر پورٹ سے کہاں جائیں گے یہ نگران حکومت کا مسئلہ نہیں، مریم اورنگزیب
(لاہور نیوز) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی پر ایئر پورٹ سے کہاں جائیں گے یہ نگران حکومت کا مسئلہ نہیں ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرفراز بگٹی صاحب نواز شریف نے ایئر پورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ، فورس اور تیاری عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کیلئے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نواز شریف اور عوام کا فیصلہ ہوگا، نواز شریف اس ملک کے 3 دفعہ کے منتخب وزیراعظم ہیں جن پر جھوٹے کیس بنا کر اور بے بنیاد الزام لگا کر ناحق سزا دی گئی۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ جس کرسی پہ تھوڑی مدت کیلئے بیٹھے ہیں اسے تاحیات سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آ جائیں، نواز شریف کی نہیں ملک کی فکر کریں، 2017ء سے لے کر اب تک اس طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے اور سازش سے عوام کے ساتھ بہت ناانصافی ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اپنے ایک بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔