(لاہور نیوز) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و بلدیات عامر میر کی ہدایت پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سے کرپشن کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس عمل کیلئے لوکل گورنمنٹ کے 3 سینئر افسران پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں عمران صفدر، وسیم مبارک اور محمد سلیم شامل ہوں گے۔کمیٹی محکمہ لوکل گورنمنٹ کے معاملات کی چھان بین کرے گی، لاہور کے 9 زونز کے میونسپل آفیسرز پلاننگ کے دفاتر سے رواں مالی سال کے ابتدائی 3 ماہ کے ریکارڈ کی چھان بین ہوگی۔
غیر قانونی تعمیرات، محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز، ایف آئی آرز، منہدم اور سیل کردہ عمارتوں کی سکروٹنی ہوگی، کمیٹی شہر کی تمام زونز میں ہونے والی کمرشل، رہائشی اور صنعتی تعمیرات کیلئے منظور اور غیر منظور شدہ نقشوں کا جائزہ لے گی۔
گزشتہ 3 ماہ میں محصولات اور فیسوں کی مد میں کی جانے والی وصولیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کمیٹی جائزہ لے کر بتائے گی کہ میونسپل آفیسرز پلاننگ کے دفاتر سے موصول ہونے والی معلومات مکمل اور درست ہیں یا نہیں، یہ بھی چیک کیا جائے گا کہ کیا تمام ٹیکس وصولیاں حکومتی خزانے میں جمع کروائی گئی ہیں یا نہیں۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ کی 3 رکنی کمیٹی ریکارڈ کا جائزہ لے کر افسران کی جانب سے برتی جانے والی غفلت کی بھی نشاہی کرے گی، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ گزشتہ 3 ماہ میں لاہور کے مختلف زونز میں کتنی کمرشل، رہائشی اور صنعتی تعمیرات کے نقشوں کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی جائزہ لے گی کہ شہر میں کتنے اور کیوں بلڈنگ پلان مسترد کیے گئے، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ کیا منظور کیے جانے والے بلڈنگ پلان قانونی اعتبار سے درست تھے یا نہیں۔