لبرٹی چوک میں 40 کروڑ کا جھنڈا لگانے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب
(لاہور نیوز) یوم آزادی پرلبرٹی چوک میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے جھنڈا لگانے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے نگران پنجاب حکومت سے 4 اگست کو تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
یوم آزادی پر لبرٹی چوک میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے جھنڈا لگانے کے خلاف شہری عامر سکندر کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگران پنجاب حکومت نے یوم آزادی پر 40 کروڑ روپے مالیت کا جھنڈا لگانے کی تجویز دی۔ ملکی معاشی صورتحال بدترین ہے۔ سیلاب متاثرین کی ابھی تک مکمل بحالی نہیں ہوئی۔ 40کروڑ روپے کا جھنڈا لگانا شاہ خرچی کے مترادف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پنجاب حکومت کو ایسے اقدامات سے روکے اور جھنڈے کیلئے کے لئے مختص رقم عوام کی فلاح پر لگانے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی اور نگران پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقوں سے 4 اگست کو جواب طلب کر لیا۔