(لاہور نیوز) لیسکو نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا اعلان کردیا، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لیسکو نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
لیسکو حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو مجالس اور جلوس کے راستوں پر بجلی بند نہیں ہو گی، مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سپیشل ٹیمیں تعینات ہونگی، ایکسین داتا دربار، راوی روڈ اور میکلوڈ روڈ خصوصی ٹیموں کی نگرانی کریں گے۔
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو حافظ میاں محمد نعمان اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی مانیٹرنگ کریں گے۔
میاں محمد نعمان کا کہنا ہے کہ پورے لیسکو ریجن میں نویں اور دسویں محرم کو تمام سٹاف فیلڈ میں موجود رہے گا، بارشوں کے دوران بھی بجلی کے ترسیلی نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ سب ڈویژنز کو اضافی ٹرانسفارمر اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے لیسکو ہیڈکوارٹرز میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا جارہا ہے۔