(لاہور نیوز) آٹے کے بعد چینی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے،ایک ماہ میں چینی کی پرچون پر فی کلو قیمت 110 روپے سے بڑھ کر 160 روپے تک جا پہنچی، سو کلو والی بوری کا ایکس مل ریٹ 11 ہزار روپے سے بڑھ کر 13 ہزار 600 روپے ہو گیا۔
ایک ماہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا، تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے اضافہ دیکھنے میں آیا، ایک ماہ میں سو کلو والی بوری کا ایکس مل ریٹ 11 ہزار روپے سے بڑھ کر 13600 روپے تک جا پہنچا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایک ماہ کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 25 روپے بڑھی، عام بازاروں میں من مانے ریٹس پر چینی فروخت کی جارہی ہے، عام مارکیٹ میں چینی 155 سے 160 روپے فی کلو تک بیچی جارہی ہے، ہول سیل ڈیلرز نے چینی کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار حکومت کوقرار دیا ہے ۔
ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ چینی ایکسپورٹ کرنے سے مارکیٹ میں چینی کی قلت پیدا ہوئی، گزشتہ سال نومبر میں چینی 91 روپے کلو تھی۔
اس حوالے سے سیکرٹری خوراک زمان وٹو کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے میں شوگر ملز مافیا کا ہاتھ ہے۔