(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے ورلڈ کپ میں کھیلنا اور ٹیم کے لیے بہترین پرفارم کرنا خواب قرار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز کے کیمپ میں لمبی باؤلنگ کرنے کی کوشش کی ہے، کیمپ میں موسم گرم ضرور تھا لیکن گرمی میں لمبی باؤلنگ کا مجھے فائدہ ہو گا، ریڈ بال کے ساتھ لائن اینڈ لینتھ پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش ہوتی ہے، کیمپ میں ریڈ بال سے کی جانے والی باؤلنگ کا وائٹ بال کرکٹ میں فائدہ ہو گا۔
حارث رؤف کا کہنا ہے کہ میرا فوکس صرف وائٹ بال پر نہیں ہے اور نہ ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ ہے، میں ہر طرز کی کرکٹ کے لیے حاضر ہوں، میرا اب بھی ٹیسٹ کرکٹ پر فوکس ہے، ٹیم کو جہاں بھی میری ضرورت ہے میں اس کے لیے ہر وقت حاضر ہوں۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ شاہین آفریدی جس طرح ہر فارمیٹ میں جان مارتے ہیں سب کے سامنے ہے، شاہین آفریدی اور میں پلان کر کے باؤلنگ کرتے ہیں، جس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔
حارث رؤف نے اپنے لیے آرام کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کے بعد مجھے بریک کی ضرورت تھی، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل تازہ دم ہونا بہت ضروری ہے، میں بڑے ایونٹس میں اپنی ٹیم کے لیے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا، ٹی 20 کے 2 ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں، اب ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا خواب ہے، ورلڈ کپ بھارت میں ہو رہا ہے، اتنی تیاری کر کے جاؤں گا کہ اپنا بہترین دوں، میرا سپیڈ پر فوکس نہیں ہے، بس یہی کوشش ہے کہ ایوریج اچھی ہو۔
حارث رؤف کی شادی کی تقریب 7 جولائی کو ہونے جا رہی ہے، انہی دنوں پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کا کیمپ دورہ سری لنکا کی تیاری کے لیے کراچی میں چل رہا ہو گا۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ 7 جولائی کو شادی کی تقریب ساتھی کرکٹرز مس نہیں کریں گے، سری لنکا کے لیے کیمپ ضرور لگا ہو گا لیکن شادی پر کھلاڑی دستیاب ہوں گے، میری کھلاڑیوں سے بات ہوئی ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ ضرور آئیں گے۔
حارث روف نے کہا کہ شادی کیلئے شاپنگ پر فوکس نہیں کیا، جو ملا پہن لوں گا، جہاں تک کارڈ کا تعلق ہے کارڈ جس نے بھی وائرل کیا اچھا بنایا ہوا ہے، زیادہ سے زیادہ بانٹیں، یہ نہ دیکھیں کہ کارڈ اصلی ہے یا نہیں۔