(ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ سو کلو منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق انٹیلی جنس اور اے این ایف لاہور نے کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ، لاہور کے قریب شہزور گاڑی سے 153 کلو 400 گرام منشیات برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔برآمدشدہ منشیات میں130 کلو 800 گرام چرس، 21 کلو 600 گرام افیون اور ایک کلوگرام ہیروئن شامل ہے۔
رپورٹ کےمطابق گاڑی میں سوار 2 ملزمان کا تعلق پشاور اور جنوبی وزیرستان سے تھا جن کی نشاندہی پر اے این ایف نے سبزی منڈی کے قریب چھاپہ مارا۔چھاپے میں ایک رکشے سے مزید منشیات برآمد کرکے لاہور کے رہائشی رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمدشدہ منشیات لاہور، گوجرانولہ، حافظ آباد، جڑانوالہ اور نارووال سمگل کی جانی تھی۔