نگران وزیراعلیٰ کا ایل ڈی اے ون ونڈو آپریشن پر 3 دن میں کارروائی مکمل کرنے کا حکم
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، نگران وزیراعلیٰ نے ون ونڈو آپریشن پر 3 دن میں تمام کارروائی مکمل کرنے کاحکم دے دیا ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے کو اراضی مالکان کے زیرالتواء واجبات کی قانون کے مطابق ادائیگی کی ہدایت کر دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایل ڈی اے اراضی مالکان کو بروقت ادائیگی یقینی بنائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 11 سپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں، 2سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں سپورٹس کمپلیکس کو چلانے کے لئے نجی شعبے کی خدمات لینے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹریز ہاؤسنگ، خزانہ، لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے، گورننگ باڈی کے ممبران، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔