(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر اندرون سرکلر روڈ کی اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش اور توسیع کا منصوبہ تیار کرنے کا ٹاسک لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو دے دیا گیا۔
منصوبے کے تحت چار مساجد اور ایک مزار کو جزوی طور پر مسمار کرکے متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
منصوبے کے تحت بھاٹی چوک سے ایک موریہ پل تک اندرون سرکلر روڈ کی بحالی پر 7 ارب 51 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق توسیعی منصوبے کی زد میں آنے والی مساجد اور مزار کی منتقلی کا کام دکانوں کی مسماری سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مساجد کی مسماری کے لیے ایل ڈی اے نے پنجاب حکومت سے اجازت طلب کر لی ہے۔
منصوبے میں مسجد باغ والی، مسجد ٹھنڈی کھوئی، شاہ محمد غوث مسجد، شاہ محمود غوث دربار اور جامع مسجد نور شامل ہیں۔ ان مذہبی مقامات کی ازسرنو تعمیر کے لیے 32 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے متبادل مقامات پر مساجد اور دربار کی تعمیر بھی کرکے دینے کی تجویز ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے سرکلر گارڈن سے ملحقہ تقریباً 2 ہزار 400 دکانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ منصوبے کا مقصد اندرون شہر میں سڑک کی بحالی، توسیع اور تزئین و آرائش کے ذریعے آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانا ہے۔
