(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں وسائل چند ہاتھوں تک محدود ہو چکے ہیں، جبکہ اشرافیہ کا وسائل اور اختیارات پر قبضہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، ملک میں مڈل کلاس کے لیے گنجائش انتہائی محدود کر دی گئی ہے، حالانکہ معاشرے مڈل کلاس کی بنیاد پر ترقی کرتے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ غربت کی سطح سے متعلق عالمی بینک کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک گھرانہ ماہانہ 4 ہزار 800 روپے میں گزارہ کرنے پر مجبور ہے، جو انتہائی خوفناک صورت حال کی عکاسی کرتا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مڈل کلاس کی ترقی کے تاریخی شواہد موجود ہیں، مغربی اور جنوبی ایشیائی ممالک کی مثالیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مڈل کلاس کی ترقی معاشرتی اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے راستے کھولنے کے لیے میرٹ پر بحث ضروری ہے،اس کے ساتھ اختیارات اور صوابدیدی اختیارات کے استعمال کا معاملہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ میرٹ کے نام پر صوابدیدی اختیارات کا استعمال تباہ کن ہے،پاکستان میں میرٹ کا سفر اب تک صوابدیدی اختیارات تک محدود رہا ہے، جس پر سنجیدہ غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔
