(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد، قربانیوں اور خوابوں کی عملی تعبیر ہے، جبکہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں چوہدری شجاعت حسین نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنی آزادی کی قدر اور اس کے تحفظ کا احساس دلاتا ہے، آج کے دن ہمیں اپنے سیاسی اور ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے فروغ کے عہد کی تجدید کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے برداشت، رواداری، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کو مقدم رکھنا ہوگا، ملک کی ترقی اور خوشحالی ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں، انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کے تمام افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم اپنے شہداء، غازیوں اور تحریکِ پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، خوشحالی اور سربلندی عطا فرمائے۔
