(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر برقرار ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور چشمہ پر 2 لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار 500 کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق بتایا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق بالائی کیچمنٹ علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
