(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت لاہور میں کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کیلئے بندش نافذ کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی قیادت میں ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے اور شہر بھر میں مکمل سرویلنس کی جا رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں انفورسمنٹ ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
انتظامیہ نے ماڈل ٹاؤن، شالامار، علامہ اقبال ٹاؤن، کینٹ، سٹی، نشتر، واہگہ اور راوی سمیت مختلف تحصیلوں میں خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا، ماڈل ٹاؤن میں سرویلنس کے دوران 26 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جہاں جی ون مارکیٹ میں چار ریسٹورنٹس اور ایک کیفے کو سیل کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 21 دکانیں سیل کر کے 5 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
شالامار میں خلاف ورزیوں پر املاک سیل کی گئیں اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے ٹھوکر میں 10 دکانیں سیل کی گئیں، اسی طرح تحصیل سٹی اور نشتر میں بھی اوقات کار کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں کو سیل کیا گیا، جبکہ رائیونڈ میں چار دکانیں سیل اور پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ تمام تحصیلوں میں اوقات کار کی پابندی سختی سے نافذ کی جا رہی ہے اور کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے وسائل کا تحفظ ممکن بنایا جا رہا ہے، ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے باعث فوری عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جرمانوں اور دکانوں کی سیلنگ کے باعث شہر میں نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آئندہ بھی یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
