وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر 69ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں توانائی کی فراہمی کے حوالے سے روزانہ اجلاس ہوتا ہے، پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، ہمارے وسائل لامحدود نہیں ہیں،وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اپریل تک سپلائی چین کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے، ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی کی بچت اقدامات پر غور کر رہے ہیں، کشیدگی اور جنگی حالات سے توانائی انفراسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ٹارگٹڈ ریلیف کی جانب جائیں گے، ہدف مستحق طبقہ ہے تاہم ہم سب نے مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔
