(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کو فوری رجسٹریشن یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
حکام کے مطابق تمام سکولوں کیلئے پبلک سیفٹی موبائل ایپ پر رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ایپ انسٹال کریں اور اپنی تفصیلات درج کریں۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اے پلس، اے اور بی کیٹیگری کے سکولوں کی فوری رجسٹریشن مکمل کی جائے، جبکہ باقی ماندہ اداروں کی فہرست متعلقہ دفاتر کو ارسال کی جائے، اس سلسلے میں ای میل کے ذریعے بھی رجسٹریشن اور ایپ انسٹالیشن کی تفصیلی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اور تمام چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ سکول رجسٹریشن کا عمل کل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں اور ہدایات کو ہر سطح پر پہنچانے اور ان پر عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
