(لاہورنیوز) تیل و گیس کی تلاش میں بڑی پیشرفت، پاکستان نے 11 آنشور بلاکس ایوارڈ کر دیئے۔
پٹرولیم کنسیشن معاہدوں اور ایکسپلوریشن لائسنسز پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی۔ان معاہدوں سے تیل و گیس تلاش میں اگلے تین سال میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی اور 276 ملین روپے سماجی بہبود میں خرچ کئے جائیں گے۔
یہ بلاکس او جی ڈی سی ایل، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، مائی انرجیز، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور پرائم گلوبل انرجیز کو ایوارڈ کئے گئے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ معاہدوں پر دستخط حکومت کی مقامی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری راغب کرنے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدوں پر دستخط پاکستان کے اپ سٹریم شعبے کی صلاحیت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت ایکسپلوریشن سرگرمیوں کے لئے مستحکم سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ اس سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ایوارڈ کیے گئے بلاکس میں بلوچستان کے آٹھ، سندھ کے دو اور پنجاب کا ایک بلاک شامل ہے۔
