(ویب ڈیسک) حج آپریشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔
مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر، مؤثر اور صارف دوست بنایا جائے گا، تقریب میں وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے بھی شرکت کی۔
سردار یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر حج آپریشن کو مزید شفاف بنایا جا رہا ہے، ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ممکن ہو گا، اس اقدام سے بین الاقوامی معیار کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ آئندہ سال حج درخواست سے لے کر وطن واپسی تک مکمل اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا، درخواست گزاروں کیلئے سادہ اور آسان فہم آن لائن حج پورٹل بھی قائم کیا جائے گا۔
