(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر اضافی اہلکار تعینات کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ہدایات کے مطابق رمضان المبارک میں سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ حساس مقامات پر نمازِ جمعہ اور تراویح کے اجتماعات کے لیے بیرئیرز اور خاردار تاروں کے ساتھ تین لیئر سکیورٹی پلان نافذ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے عبادت گاہوں کے گردونواح میں پولیس گشت، سنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
