(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کی ائیر لائن اپریل میں کام شروع کر دے گی، پہلی فلائٹ اپریل میں ہی شروع ہو گی۔
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت صوبے کی اپنی ایئر لائنز چلانے کے لئے برق رفتاری سے کام کر رہی ہے۔ پنجاب ایئر لائنز کے لئے ابتدا میں 7 مسافر جہاز خریدے جا رہے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب ایئر لائنز پہلے مرحلے میں 2 سال تک صرف اندرون ملک آپریٹ کرے گی، آپریشنز کے آغاز کے دو سال بعد یعنی نئے عام انتخابات سے کافی پہلے پنجاب ایئر لائنز انٹرنیشنل فلائٹس بھی شروع کرے گی۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز شریف کے موجودہ ہیلی کاپٹر کو بھی پنجاب ایئر لائنز میں شامل کیا جائے گا بلکہ یہی پنجاب ایئر لائنز کا پہلا اثاثہ ہو گا۔
صوبائی حکومت کی ایئر لائنز کے قیام کے بعد مریم نواز خود پنجاب ایئر لائنز کے جہاز استعمال کریں گی، ان کے لیے الگ سے خصوصی جہاز نہیں خریدا جائےگا، پنجاب حکومت کے تمام وزرا، عہدیدار بھی پنجاب ایئر لائنز سے ہی سفر کیا کریں گے۔
ذرائع کنے بتایا کہ پنجاب کی ایئر لائنز کھڑی کرنے کے لئے صوبہ کے خزانے پر اضافی بوجھ نہ ڈالنےکی سٹریٹیجی پر کام ہو رہا ہے، موجودہ اور نئے جہازوں کو مکمل طور پر منافع کے حصول کے لیے استعمال کیا جائےگا۔ نئے جہاز مسافروں کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے بھی استعمال میں آئیں گے، وزیر اعلیٰ جب پنجاب ائیر لائن کا جہاز استعمال کریں گی تو اس کا پورا کرایہ دیا جائے گا۔
