(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا وزیر اعلیٰ مریم نواز کا مشن ہے، طلبہ کو منشیات سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے پنجاب انسدادِ منشیات فورس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی انسدادِ منشیات فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال نے انہیں ادارے کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس مسعود مختار بھی موجود تھے، وزیر اطلاعات نے منشیات کے تدارک کے لیے فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ ستائش قرار دیا۔
عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ انسدادِ منشیات سے متعلق آگاہی پروگرامز یونیورسٹیوں اور کالجوں میں منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈی جی بریگیڈیئر مظہر اقبال نے عظمیٰ بخاری اور طاہر رضا ہمدانی کو خصوصی شیلڈز پیش کیں۔
