(لاہور نیوز) تھانہ کلچر تبدیل نہ کرنے والوں کو عہدوں پر برقرار نہیں رکھا جائے گا۔
ایس ایچ او کوٹ لکھپت عمران انوار کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے معطلی کے ساتھ محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پولیس اور عوام دونوں کی عزت مقدم ہے اور جوانوں کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب یقینی بنایا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام سے حسنِ سلوک کے واضح احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں وہی افسران اور اہلکار رہیں گے جو عزت اور احترام سے پیش آئیں گے، کیونکہ عوام اور ماتحت جوانوں کے ساتھ شائستہ رویہ اپنانا پولیس کا بنیادی فرض ہے، بدتمیزی اور غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کی فورس میں کوئی جگہ نہیں، ہر افسر اور اہلکار کو مثالی کردار اور رویہ اختیار کرنا ہو گا۔
